مصنف:ع۔ غ۔ جانباز
قسط:11
22-7-2018
محمد اعجاز سے ملیے
ساڑھے چھے بجے شام گھر سے روانہ ہوئے۔۔۔ اُس کا گھر “Milton” میں ہے۔ جو یہاں سے کم و بیش 25 کلو میٹر تھا۔ یہی کوئی آدھے گھنٹے میں ہم وہاں اُس کے درِ دولت پہ تھے۔ وہاں پہلے سے چھ اور فیملیز بھی مدعو تھیں۔ اُس کا بیٹا سمیع اعجاز کونسلر کا الیکشن لڑ رہا ہے اور زور و شور سے کونسلنگ کر رہا ہے۔ پاکستان کے سیاسی حالات پر بحث و مباحثہ جاری رہا۔ وہاں ”حنیف عباسی“ کو منشیات کے کیس میں، عمر قید کی سزا، محمد اعجاز عرف ”جادوگر“ کی گوری عورتوں کو مسلم بنانے کے قصے پر شگفتہ انداز میں مباحثہ جاری و ساری رہا۔
پھر کھانا لگ گیا، کھانا بڑا پُر تکلف اور لذیذ تھا۔ سب نے حسب توفیق شکم پروری کی اور پھر میزبان سے اجازت چاہی اور 12 بجے کے قریب گھر پہنچے اور سیدھے اپنے اپنے بیڈز کی راہ لی۔
29 جولائی 2018ء
نیاگرہ فال
کینیڈا کا مستقل رہائشی ہو یا سیر سپاٹے کے لیے وہاں گیا کوئی شخص نیاگرہ فال کے جادوئی بھنور میں گرفتار نہ ہو ناممکن ہے!! اور تو اور امریکن شہری اُس کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے کے لیے اُمڈے چلے آتے ہیں۔
اتوار 29 جولائی کا دن ایک لمبی اُڑان کا مژدہ لے کر آیا۔ ساتھ لے جانے والے لوازمات میں ”فش بریانی“ مشروبات، ڈسپوزیبل پلیٹیں اور گلاس ایک بیگ میں سمیٹ کر برخوردار احمد ندیم کی 5سیٹر ٹیوٹا مرسڈیز گاڑی میں گھر سے یہی کوئی 12.45 پر چل دئیے۔ نیلا آسمان پیاسی سفید بدلیوں کو سینے سے لگائے اُن میں رنگ بھرنے کی ابھی سوچ میں تھا کہ ہوا ”بی“ کو اِس کی یہ ادا ایک آنکھ نہ بھائی اور آنکھ جھپکتے اُن کو لے کر نیاگرہ فال کی طرف چلتی بنی تاکہ وہ بھی نیاگرہ فال پر ہی جا کر اپنی پیاس بجھائیں۔
خالص رہائشی آبادی سے خراماں خراماں نکل کر پانچ رویہ Kenney Road پر گاڑی دوڑا دی۔ دائیں بائیں ہری بھری گھاس کے تختوں پر ایستادہ Ornamental Trees آبادی کے حسن میں گوناگوں اضافہ کرتے ہوئے۔ یہ دیکھیں اب دائیں طرف درجنوں Sky Scrappers اپنی بلندیوں پہ نازاں، آگے Bloor Street سے چکر کاٹتے جا رُکے ایک “Smart Phone Shop” پر کہ چارجر کی کمی آڑے آرہی تھی۔ آگے King Street اتوار کا دن،وہ روز مرہ کی گہما گہمی آج کہاں؟
چلتے چلتے Hamilton کی طرف گاڑی Windsor Churchil Road پر ڈال دی۔ دائیں طرف اپنے بلند و بالا مینار کے ساتھ ایک بڑی مسجد، آگے آگیا 176,000 آبادی سمیٹے Burlington۔ دو بجتے ہی سفید بدلیوں کی بھی سنی گئی اور اُن کو بھاری بھر کم سیاہ جامے پہنا دئیے گئے اور شکرانے میں انہوں نے سارے کے سارے آسمان کو ڈھانپ لیا۔
لو دائیں طرف جا مڑی سڑک Hamilton City کی طرف۔ لیکن ہم تو جناب جائیں گے ناک کی سیدھ۔ لو چند سیاہ بدلیوں سے شروع ہوئی بوندا باندی۔ لیکن جلد شرما سا گئیں اور چند قطرے ہی گرا سکیں۔
اتوار کی وجہ سے ہر کوئی سیر و تفریح کے موڈ میں ہے اور سڑک پر سوار ہے۔ اِسی لیے آپ دیکھ رہے ہیں ٹریفک سست روی کا شکار ہے۔ (جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بُک ہوم“ نے شائع کی ہے۔ ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔(جملہ حقوق محفوظ ہیں)