نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں شادی کی تقریب میں دولہا نے ایسی بات کہہ دی کہ اپنی دلہن کو شرمندہ کر دیا۔ نیوز ویک کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر سینٹ آگسٹن میں کول نامی دولہا اپنی دلہن للی تھوم کے ہمراہ سٹیج پر کھڑا مہمانوں سے بات کر رہا تھا، جب اس نے ایسی عجیب بات کی کہ دلہن شرمندگی سے منہ چھپانے لگی۔
اس واقعے کی ویڈیو کورٹنی کلیٹن نامی ویڈیو گرافر نے اپنے ٹک ٹاک اکاﺅنٹ پر پوسٹ کی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دولہا بات کرتے ہوئے اچانک اپنی دلہن کا ہاتھ پکڑکر ریسلنگ کے فاتح کھلاڑی کی طرح اوپر اٹھاتا ہے اور کمنٹری کے لہجے میں کہتا ہے کہ ”یہ میری بیوی ہے اور یہ بڑی کامیابی ہے۔“
اپنے دولہا کی بات سن کر دلہن مہمانوں سے نظریں چرانے لگتی ہے اور اوپر دیکھنا شروع کر دیتی ہے۔کورٹنی کلیٹن کے ٹک ٹاک اکاﺅنٹ پر یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور اسے اب تک 25لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔